بنٹوال 7/مارچ (ایس او نیوز) بنٹوال کے مضافات میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ذہین طالب علم نے صرف اس وجہ سے خودکشی کرلی کہ پرچہ سوالات کافی سخت تھا اور اسے توقع کے مطابق اچھے نمبرات نہ ملنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنٹوال مضافاتی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایس وی ایس اسکول کے طالب علم نندن نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔وہ ایک انتہائی ذہین طالب علم تھا۔ ایس ایس ایل سی میں اس نے 94 فیصد مارکس حاصل کیے تھے۔ پی یو سی میں بھی وہ اچھے نمبرات سے پاس ہورہاتھا۔ لیکن حالیہ سال دوم کے امتحان میں فریکس کا پرچہ لکھنے کے بعد وہ کچھ مایوس ہوگیا تھا۔ اس کے گھروالوں کے مطابق جمعہ کے دن رات میں 12بجے تک وہ پڑھائی کررہا تھا۔ لیکن 12.30بجے اس کی ماں نے دیکھا کہ بیٹا گھر سے غائب ہے۔ سب لوگ پریشان ہوکر اُسے ڈھونڈنے نکل پڑے تو اس کا موبائل فون گھر سے باہر باغ میں پڑا ہوا ملا۔ مزید تلاشی کے دوران اس کی لاش قریب کے ایک کنویں میں تیرتی ہوئی دکھائی دی۔
خودکشی سے قبل نندن نے ایک چٹھی لکھ رکھی تھی جس میں اس نے خودکشی کا سبب بتاتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ فزیکس کا پرچہ بہت ہی سخت تھا اس لئے اس مضمون میں اس کی کارکردگی اچھی نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے اسے بہت کم مارکس مل سکتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر بنٹوال مضافاتی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر رسنا اور دیگر اسٹاف نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیااور کیس رجسٹر کرلیا۔